عمان 30اکتوبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے اسرائیل میں اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا ہے۔ یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے اُس مطالبے کو پورا کرنے سے انکار پر احتجاجا سامنے آیا ہے جس میں عَمّان نے کہا تھا کہ اسرائیلی حکام کے ہاتھوں کئی ماہ سے گرفتار اردن کے دو شہریوں (ایک مرد اور ایک خاتون) کو رہا کیا جائے۔ اردن کے مطابق مذکورہ شہریوں کو بنا کسی الزام کے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا۔
الصفدی نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ ہبہ اللبدی اور عبدالرحمن مرعی کی طبیعت بگڑ گئی ہے اور ان دونوں کی جانوں کی تمام تر ذمے داری اسرائیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ اردن کے وزیر خارجہ کے مطابق یہ عمّان حکومت کی جانب سے "پہلا قدم" ہے۔ انہوں نے مزید تفصیلات کا ذکر نہیں کیا۔